وادی تیراہ( نمائندہ جنگ) تیراہ ،دہشتگردوں نےزکوٰۃ نہ دینےپرشہری کے2معذوربچےقتل کردیئے۔گزشتہ شب مسلح شدت پسند اسلام نامی مقامی مزدور کے گھر زبردستی داخل ہوئے ان سے بندوق کے زور پر کھانا کھایا جبکہ اس دوران عشر (زکوٰۃ) دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ اسلام کے انکار پر دہشتگردوں نے انسانیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے ان کے دو معذور بیٹوں آصف اور سبحان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ واقعہ کے ردعمل میں برقمبر خیل کے قومی عمائدین کا جرگہ طلب کیا گیا جس میں قبائلی مشران اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے سےاپنے خطاب میں قومی مشر حاجی ظاہر شاہ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ بندوق کے زور پر گھروں میں داخل ہو کر کھانا اور رہائش لیتے ہیں اور عشر دینے سے انکار پر سیدھی گولیاں چلا دیتے ہیں۔ یہ ظلم اب ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔مشران نے اعلان کیا کہ اس ظلم کے خلاف بد ھ کے روز ایک قومی گرینڈ جرگہ منعقد ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے تاکہ عوام کو اس بربریت سے نجات دلائی جا سکے۔