لاہور، کراچی (نمائندگان جنگ،نامہ نگاران، نیوز ڈیسک) لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ، بابو سر ٹاپ میں سیلاب کے دوران بہہ جانے والے 15سیاحوں کی تلاش جاری ، ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے اپیل کی ہے کہ حالات معمول پر نہ آنے تک سیاح گلگت بلتستان کا سفر نہ کریں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی اے ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں سے اموات کی تعداد بڑھ کر 245 ہوگئی ہے، برساتی نالے میں بہہ جانے والے کار سوار باپ بیٹی کی تلاش جاری،ایبٹ آباد، ہری پور کے ندی نالوں میں طغیانی،پنجاب میں سب سے زیادہ 135 اموات، پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ میں چشمہ اور کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا۔مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے درجے کا سیلاب ہے۔