اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے چیئرمین پی سی ایس آئی آرکو پی سی ایس آئی آر کی لیبارٹریز کے ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز کی تقرریوں، تعیناتیوں اور تبادلوں کا اختیار دینے سے متعلق ایجنڈا ورکنگ پیپر سے حذف کر نے کی ہدایت کر دی ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے واضح کیا ہے کہ پی سی ایس آئی آر کی لیبارٹریز کے ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز کی تقرریوں، تبادلوں اور تعیناتیوں کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے، چیئرمین پی سی ایس آئی آر کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں،گزشتہ روز وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکرٹری طاہر احسان نے سیکرٹری پی سی ایس آئی آر کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ پی سی ایس آئی آر کونسل سے منظوری کے ورکنگ پیپر کا ایجنڈا نمبر 2 جو چیئرمین پی سی ایس آئی آر کو محکمے کی لیبارٹریز کے ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز کی تقرریوں، تعیناتیوں اور تبادلوں کا اختیار دینے سے متعلق ہے، قانون کے مطابق درست نہیں لہذا اسے ایجنڈے سے حذف کیا جائے۔