کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ و رہنما نون لیگ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی وزیراعلیٰ ان کی بہنیں کچھ نہیں کرسکیں تو ان کے یہ بچے جنہیں اردو بھی نہیں آتی ان کے آنے سے کیا ہوتا ہے،ترجمان بانی پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ امریکہ آکر عمران خان کو چھڑا لے۔ قاسم اور سلیمان امریکا یہی بتانے گئے ہیں کہ ان کے والد کو آئسولیٹ کیا گیا ہے،چیئر مین اپٹما کامران ارشد نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات دو ڈھائی گھنٹے چلی سارے کلوز ڈسکس ہوئے ہیں اور ایک ڈائیلاگ کی ابتدا ہوئی ہے جس میں ایف بی آر کی پوری ٹیم چیئرمین ایف بی آر تھے اور FPCCI کے صدر اور باقی مختلف چیمبرز کے بھی صدر تھے ۔ وزیر مملکت برائے داخلہ و رہنما نون لیگ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ ریاست تعلقات کی انفرادی سطح پر بنیاد نہیں ہوتی پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈنگ اور لابنگ جس نے کی ہے وہ تحریک انصاف ہے لیکن نتیجہ صفر ہے۔