• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچ جوڑے کا بہیمانہ قتل ہولناک اور انسانیت سوز، برطانوی ارکان پارلیمنٹ

لاہور(رپورٹ :آصف محمود بٹ ) بلوچستان کے ایک دور دراز صحرائی علاقے ڈیگاری میں مبینہ طور پر مرضی سے شادی کرنے والے جوڑے کے "غیرت کے نام پر" قتل نے برطانیہ سمیت عالمی سطح پر شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔

جہاں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان نے اس واقعے کو "انتہائی ہولناک" اور "وحشیانہ" قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو سزا نہ ملی تو پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے اور عوام کا ادارہ جاتی انصاف سے اعتماد بھی اٹھ سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو، جس میں صحرائی علاقے میں ایک مرد و خاتون کو گولیاں مار کر قتل کرتے دکھایا گیا ہے نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ 

برطانوی ایوان بالا (ہاؤس آف لارڈز) کے رکن لارڈ ایلٹن آف لیورپول نے ’جنگ‘ کو جاری کردہ ایک خصوصی بیان میں کہاکہ یہ واقعہ نہایت ہی ہولناک اور انسانیت سوز ہے۔

 ‘غیرت’ کے نام پر اس قسم کے ظالمانہ عمل کو جواز قرار دینا دراصل اس مقدس تصور کی بدترین توہین ہے۔ ہر انسان کو اپنی مرضی سے شریکِ حیات چننے اور جبر سے پاک زندگی گزارنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔

لارڈ ایلٹن نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ کے آرٹیکل 16 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کا دستخط کنندہ ہے، اور اس کے مطابق ہر شادی رضامندی اور آزادی پر مبنی ہونی چاہیے۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ اس بہیمانہ واقعے کے ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

ادھر برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی اقلیتوں کے حوالے سےقائم آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ جس میں مختلف جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ اور لارڈز شامل ہیں، اس ظلم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ 

گروپ کا مقصد پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے، رواداری کے فروغ، اور انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔APPG کے چیئرمین جم شینن ایم پی (ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی) ہیں، جبکہ نائب چیئر پرسن کے طور پر اسٹیو ریڈ ایم پی (لیبر پارٹی )، لارڈ بشپ آف گلڈ فورڈ، اور فیونا بروس ایم پی (کنزرویٹو پارٹی ) شامل ہیں۔

 لارڈ ایلٹن اس گروپ کے شریک چیئرمین ہیں۔گروپ کے اراکین نے اس معاملے پر ہونے والی میٹنگ جس میں برطانیہ بھر کی انسانی حقوق سے متعلقہ تنظیموں کے 75نمائندوں نے شرکت کی ، اس امر پر زور دیا کہ ریاست پاکستان کو نہ صرف آئینی بلکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت شہری آزادیوں کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے، خصوصاً شادی، زندگی، اور انتخاب کے حقوق کے حوالے سے۔

 ایک رکن نے کہا کہ عالمی برادری اس کیس کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے، پاکستان کو انصاف صرف فراہم نہیں بلکہ دکھائی بھی دینا چاہیے۔حقوق کی عالمی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اگر اس سفاکانہ عمل میں ملوث افراد کو سزا نہ ملی تو نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی ادارہ جاتی انصاف سے اٹھ جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید