• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم شہدائے پولیس، سندھ کے ڈھائی ہزار افسران اور جوانوں نے جانیں دیں

کراچی( ثاقب صغیر )ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس ہر سال کی طرح اس سال بھی 4 اگست کو منایا جا رہا ہے۔سندھ پولیس کے ڈھائی ہزار سے زائد افسران اور جوانوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق اب تک سندھ پولیس کے شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی تعداد 25 سو 49 ہے۔سب سے زیادہ پولیس اہلکار سال 2013 میں شہید ہوئے جن کی تعداد 213 ہے۔صرف رواں صدی میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کی تعداد 18 سو 39 ہے۔اس دوران چھ برس ایسے بھی گزرے جن میں 100 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔سال 1995 میں 108، سال 2011 میں 110، سال 2012 میں 166 ، سال 2013 میں 213، سال 2014 میں 200 اور سال 2015 میں 110 پولیس افسران اور جوان شہید ہوئے۔سندھ پولیس نے بھی یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے مختلف پروگرام ترتیب دئیے ہیں۔اس حوالے سے مرکزی تقریب 4 اگست کو پی اے ایف میوزیم میں منعقد ہو گی جس میں شہدائے پولیس کے اہلخانہ،وزیر اعلیٰ سندھ ،صوبائی وزراء ، آئی جی سندھ سمیت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تمام رینج کے ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کیے ہیں کہ یوم شہدا کے حوالے سے اپنی رینج میں پروگرام ترتیب دیں جبکہ تمام ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شہدا کی فیملیز کے گھروں میں جائیں اور ان کا حال احوال لیں۔
اہم خبریں سے مزید