کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اہلیان بروری مولوی عبدالمنان ، میر حیدر زہری ، ٹکری بختیار رئیسانی نےصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے جبل نور پہاڑی اور قبرستان کی اراضی کی غیرقانونی انتقال کوفوری طور پر منسوخ کیا جائے ، یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر میر باری داد محمد حسنی ، ملک داد محمد کھیازئی ، سردار جمعہ خان محمد حسنی، انجینئر محمد آصف شاہوانی اور دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ جبل نور قبرستان اور مذکورہ پہاڑی میں سرنگ بناکر قرآن پاک کے شہید ہونے والے نسخوں اور اوراق کو محفوظ بنایا جاتا ہے ، 1989ء کو سردار نادر خان نے قبرستان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی اور اہل علاقہ 50 سالوں سے بلامعاوضہ اپنے مرحومین کی تدفین کرتے آرہے ہیں ،کوئٹہ میں قبرستانوں کی شدید کمی ہےاس ارضی پرکچھ لوگ نظریں جمائے بیٹھے ہیں ، اہلیان بروری 2001ء سے ان کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں ہمارے پاس 1971ء سے آج تک کے تمام دستاویزات موجود ہیں ہمارے آباو اجداد نے یہ زمین قبرستان کیلئے وقف کی تھی ہم نے 2007ء 2015اور 2019ء میں سرکاری اداروں میں درخواستیں جمع کرائیں مختلف ڈپٹی کمشنرز نے واضح احکامات جاری کئےاور جبل نور قبرستان کو عوامی قبرستان قرار دیا ۔ حالیہ دنوں میں سیٹلمنٹ محکمے کی جانب سے قبرستان اور پہاڑی زمین کو مبینہ طور پر بعض افراد کے نام منتقل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ گزشتہ دنوں بھی وہاں قبضے کی کوشش کی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو آگاہ کیا گیا جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس عمل کو روکا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی انتقال منسوخ کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔