کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکی ناظم الامور ایلزبتھ ہورسٹ نے کہا ہےکہ اگرچہ یو ایس ایڈ کا دفتر بند ہو چکا ہے، مگر امریکی معاونت اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور حکومتِ سندھ کے اشتراک سے جاری رہے گی۔ یہ بات انھوں نے سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ سے جمعہ کو ملاقات میں کہی ۔وزیرِ اعلیٰ نے تعلیم، صحت، پانی، صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی ،وزیر اعلیٰ ہائوس میں ہونے والی اس ملاقات میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، پرنسپل سیکریٹری آغا واسع، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور دیگر نے ملاقات میں شرکت کی۔ امریکی وفد میں قونصل جنرل اسکاٹ اربام، ڈپٹی قونصل جنرل جئے نائیر، چیف آف پولیٹیکل اینڈ اکنامک سیکشن شیلی سیکسن، پولیٹیکل آفیسر ٹریور ایرنشا اور دیگر شامل تھے۔