کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے زیر اہتمام ریگل چوک صدر سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نیشل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے رہنما ریاض عباسی نے کی ، ریلی میں مختلف صنعتی علاقوں کے مزدوروں کے علاوہ پیپلز لیبر بیور کے صدر حبیب الدین جنیدی ، پاکستان ورکرز یونائیٹڈ فیڈریشن کے مرکزی صدر مختار حسین اعوان، پاکستان ریلوے ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری راؤ نسیم، ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی صدر سائرہ فیروز، مزدور رہنما عاقب حسین سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ناصر منصور کہا کہ یونین سازی کے آئینی اور جمہوری عمل کو دہشتگردی سے تعبیر کیا جارہا ہے، کم از کم اجرت کی ادائیگی، سوشل سیکورٹی اور پینشن کی سہولتوں کی فراہمی، اوقات کار کی پابندی اور مزدوروں کے لیے تحریری تقرر نامہ جیسے بنیادی مطالبات کو سنگین جرم گردانا جارہا ہے، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سندھ چیپٹر کے وائس چیئرمین قاضی خضر نے کہا کہ لیبر حقوق بنیادی طور پر انسانی حقوق کا اہم جز ہے، اس کی خلاف ورزی ملکی آئین و قانون کو پامال کرنے اور بین الاقوامی لیبر کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے، حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق پر کسی صورت کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، کم از کم اجرت ملنا ہر مزدور کا حق ہے اور وہ ہمیشہ مزدوروں کے ساتھ کھڑے ہونگے۔