ملتان (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ کالے منڈی کے جنرل سیکرٹری زاہد صدیقی، چوڑی بازار کے صدر نور عالم قریشی، چیئرمین غلام مرشد عطار، مدینہ مارکیٹ کے چیئرمین زاہد علی پپو، حرم گیٹ بازار کے صدر مخدوم زاہد، محمد ندیم، محمد اشرف، کالے منڈی بازار کے صدر محمد شہباز قریشی، حرم گیٹ بازار کے جنرل سیکرٹری یوسف قریشی، چوڑی سرائے بازار کے حاجی ریاض احمد، حاجی ناظم قریشی، مستنصر، حاجی ریاض معین قریشی،افضال اور مختلف مارکیٹوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ٹاٹے پور میں قائم "موسیٰ پاک انٹرچینج" کا نام ہرگز تبدیل نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر اس انٹرچینج کا نام تبدیل کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کہ ناقابل قبول ہے، حضرت موسیٰ پاک کی ذات اور دربار ملتان کی تہذیب، ثقافت اور تاریخ کا لازمی جزو ہیں۔ تاجروں نے چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین این ایچ اے، وفاقی و صوبائی وزرائے شاہرات، کمشنر و ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے نام تبدیل کرنے کی کوششوں کو روکیں ، بصورت دیگر شہر بھر کے تاجر اور شہری تنظیمیں راست اقدام کرنے پر مجبور ہوں گی۔