کراچی (اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر داخلہ ضیا ءالحسن لنجار نے کہا ہے کہ ہم ٹریفک قوانین میں ترمیم لا رہے ہیں، پولیس کے نظام کو کافی بہتر کرنے کی ضرورت ہے ،عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے جو وہ ہر صورت پوری کرے گی، وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن شارق جمال کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے جس میں فاضل رکن نے ماڈل کالونی میں جرائم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا ، وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عجیب اور بلاجواز تنقید ہوتی ہے ہم نے کوشش کی ہے کہ کرائم ریٹ کو نیچے لائیں ، کراچی میں کرائم ریٹ میں کچھ نہ کچھ کمی ضرور ہوئی ہے ،اس ضمن میں ہم نے کمیونٹی اور تاجروں سے بات کی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایسا ماحول قائم کردیا جائے کہ کوئی شہری تھانے جائے تو اس کو محسوس ہو کہ وہ محفوظ جگہ پر ہے، ماڈل کالونی میں بھی ماڈل پولیس اسٹیشن بنائیں گے، ایم کیو ایم کے راشد خان کی جانب سےگورنمنٹ کالج کالی موری حیدرآباد کی کلاسیں ختم کرنے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیرتعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ گورنمنٹ کالج کالی موری حیدر آبادتاریخی اہمیت کا حامل تعلیمی ادارہ ہے اور حکومت کو اس ادارے کی اہمیت کا احساس ہے، سوشل میڈیا پر یہ بات چلی ہے کہ کالج کو بند کیا جا رہا ہے ،سندھ اسمبلی میں پیر کو محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سے متعلق وقفہ سوالات تھا ، پارلیمانی سکریٹری سعدیہ جاوید نے وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب دیئے جن میں سندھ کے مختلف حصوں میں جاری ترقی منصبوبوں پر جاری کام کی رفتار اور بعض زیر تکمیل اسکیمیں شامل ہیں ۔