پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے دائر 9 مختلف درخو استوں پر سماعت کے بعد وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت سمیت متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ۔کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد نعیم انور پر مشتمل سنگل بنچ نے کی ۔عدالت نے گزشتہ روز لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت شروع کی تو عدالت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور پولیس کے فوکل پرسن پیش ہوئے ۔پولیس کے فوکل پرسن نے عدالت کوبتایا کہ دو درخواستیں ابھی دائر ہوئی ہے اور آج پہلی سماعت ہے، جس پر جسٹس نعیم انور نے کہا کہ دونوں درخواستوں میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہیں آپ اس میں جواب جمع کرے۔ فوکل پرسن نے عدالت کوبتایا کہ ایک درخواست میں ایس ایچ او انقلاب کیخلاف الزامات ہیں، دیگر چھ درخواستوں میں ابھی تک رپورٹس نہیں آئی ہیں جس پر جسٹس نعیم انور نے کہا کہ ایس ایچ او انقلاب کل عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہو جائیں عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت سمیت متعلقہ فریقین سے رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔