• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ترقی کے لئے سی پیک منصوبہ اہمیت کا حامل ہے، انجینئر شوکت اللہ

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے سابق گورنر انجینئر شوکت اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعلقات دونوں ملکوں کی تجارت میں اضافے اور معاشی استحکام کا باعث بن سکتے ہیں جس کے لئے سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔ سابق گورنر نے ثقافتی مرکز کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو قابل فخر قرار دیا۔ میڈیا سے گفت گو میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اور خاص طور پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کے دوسرے فیز پر کام کی رفتار تیز ہو گی، امن و امان کی صورت حال بہتر ہو گی جبکہ پاکستان بھر میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انجینئر شوکت اللہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی چینی قیادت سے ملاقاتوں میں خطے اور عالمی سطح پر بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت رابطہ سازی کے منصوبوں اور مشترکہ جغرافیائی و سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بات چیت کی گئی جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان خودمختار مساوات، کثیر جہتی تعاون اور دیرپا علاقائی استحکام کے عزم کا اعادہ لائق ستائش ہے۔سابق گورنر کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سی پیک میں شمولیت کے بعد نہ صرف صوبائی دارالحکومت پشاور بلکہ سارے صوبے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ 
پشاور سے مزید