کوئٹہ (آن لائن) ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام پروفیسر محمد عالم مصباح شہید کی 31ویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ایک فکری و تعزیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں، اساتذہ، قلمکاروں، سماجی رہنمائوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سکیرٹری اطلاعات قادر نائل ہزارہ ایس ایف کے صدر منظورحنان زونل سکیرٹری ہمایوں اور گرلز سیکشن کی رہنما محترمہ زینب مجاہد نے کہا کہ شہید مصباح صرف ایک استاد یا محقق نہیں تھے، وہ ایک نظریہ، ایک شعور اور ایک فکری بیداری کا نام تھے۔ وہ اپنے قلم، علم، اور بے خوف خطابت سے نوجوانوں کو سوچنے، سوال کرنے، اور اپنی شناخت کو پہچاننے کا حوصلہ دیتے تھے ان کا تعلق اس نسل سے تھا جنہوں نے فقر و محرومی سے جنم لے کر علم کو اپنا ہتھیار بنایا اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی راہ ہموار کی اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آج جب ہزارہ قوم فکری انتشار، تعلیمی زوال اور سیاسی بے سمتی کا شکار ہے تو مصباح جیسے مفکرین کا حوالہ اور ان کی فکری میراث ہی ہمیں درست سمت دے سکتی ہے۔