کوئٹہ(خ ن)صوبائی سیکرٹری تعلیم اسفند یار خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹریٹ (اسکولز) محکمہ تعلیم بلوچستان کے دفتر سے جاری کردہ ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے تمام مرد و خواتین اساتذہ بمعہ غیر تدریسی عملے کے اٹیچمنٹ اور ایڈجسٹمنٹ آرڈرز کی فوری طورپر منسوخی کی گئی ہے،جبکہ تمام متعلقہ ملازمین کو اپنی اصل جائے تعیناتی پر فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے،در اصل نوٹیفیکیشن کے اجراء کا مقصد صوبے میں بند سکولوں کو دوبارہ بحال کرتے ہوئے فعال بنانا ہے،اس بابت سنجیدگی سے بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ افسران کو کردار ادا کرنے کے احکامات بھی شامل ہیں،صوبائی سطح پر جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بروقت اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شعبہ تعلیم میں موجود خلاء کو پر کرنے کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں،اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالمالک خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن علی احمد خان خلجی، ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر خان کاسی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی،اجلاس میں کوئٹہ ڈویژن کے تمام متعلقہ ضلعی ایجوکیشن آفسران کو اس ضمن میں مضبوط روابط قائم کرتے ہوئے موثر اقدامات اور فی الفور رپورٹ مرتب کرکے ارسال کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔