اسلام آباد ( مہتاب حیدر،تنویر ہا شمی ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے امریکا روانہ، یکم اگست 2025 کی ڈیڈ لائن سے قبل دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر متفقہ ٹیرف پر دستخط کا امکان ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے واشنگٹن ڈی سی روانہ ہو گئے ہیں۔ توقع ہے کہ یکم اگست 2025 کی ڈیڈ لائن سے قبل دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر متفقہ ٹیرف پر دستخط ہو سکتے ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیرِ اعظم آفس میں ایک اجلاس میں شرکت کی، جس کے بعد انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ واشنگٹن روانہ ہوں تاکہ ممکنہ طور پر 1 اگست 2025 کی ڈیڈ لائن سے قبل امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے پا سکے۔ یہ ڈیڈ لائن ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہے۔