• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی کا استعمال شدہ کھانے کا تیل بائیو ڈیزل میں تبدیل کرنے کا انقلابی منصوبہ

کراچی ( رفیق مانگٹ ) دبئی نے استعمال شدہ کھانے کا تیل بائیو ڈیزل میں تبدیل کرنے کا انقلابی منصوبہ بنایا ہے جس میں ریستوران اور کمرشل کچن تیل جمع کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے ، یہ اقدام دبئی کے سرکلر اکانومی اور ماحولیاتی پائیداری کے وژن کا حصہ ہوگا اور منصوبہ پائپوں کے بند ہونے اور ماحولیاتی نقصانات کو روکے گا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی نے ماحولیاتی پائیداری کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے استعمال شدہ کھانے کے تیل اور چکنائی کو جمع کرکے بائیو ڈیزل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ یہ اقدام دبئی میونسپلٹی اور بائیو ڈی ٹیکنالوجی ایف زیڈ سی او کے اشتراک سے عمل میں لایا جا رہا ہے، جو ماحولیاتی نقصانات کو کم کرنے اور سرکلر اکانومی کے وژن کو تقویت دینے کے لیے ہے۔ ریستوران اور کمرشل کچن تیل جمع کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔جمع کردہ تیل اور چکنائی کو B100 بائیو ڈیزل میں تبدیل کیا جائے گا۔B100 بائیو ڈیزل ایک صاف ایندھن ہے جو کاربن اخراج کو کم کرتا ہے۔یہ منصوبہ پائپوں کے بند ہونے اور ماحولیاتی نقصانات کو روکے گا۔گلف نیوز کے مطابق دبئی میونسپلٹی کے ویسٹ اینڈ سیوریج ایجنسی کے سی ای او عادل المرزوقی نے کہا، یہ منصوبہ دبئی کے وژن 2030 کے ماحولیاتی اہداف کے حصول کی جانب اہم ہے۔ فضلے کو توانائی کے وسائل میں تبدیل کرکے ہم بنیادی ڈھانچے کی حفاظت اور کاربن اخراج کم کر رہے ہیں۔ بائیو ڈی ٹیکنالوجی کے چیئرمین احمد بن فہد المحیری نے اسے پائیدار جدت کی مثال قرار دیا، جبکہ سی ای او شیوا ویگ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیل کو اعلیٰ معیار کے بائیو ڈیزل میں تبدیل کیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید