• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرے دہشت گرد کی شناخت بھی کرلی گئی، مختلف شناختی کارڈز برآمد

کراچی( ثاقب صغیر )سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں فتنہ الخوارج کے ہلاک ہونے والے تیسرے دہشت گرد کی شناخت بھی کر لی گئی۔ہلاک ہونے والے تیسرے دہشت گرد کی شناخت مطیع اللہ عرف ابو ناصر کے نام سے کی گئی ہے۔سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب کے مطابق ہلاک دہشت گرد مطیع اللہ خود کش حملہ آور تھا۔ راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کراچی اور اندرون سندھ میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ، بم حملوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان جس مکان میں تھے وہاں سے کچھ ایسے شناختی کارڈز بھی ملے ہیں جن پر نام کسی ایک شخص کا ہے لیکن ان پر تصویر کسی اور شخص کی لگی ہوئی ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اپنی شناخت چھپانے کے لیے دہشت گردوں نے یہ مختلف ناموں اور تصاویر والے شناختی کارڈ بنوا رکھے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب منگھوپیر کے علاقے میں سی ٹی ڈی اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔دیگر دو ملزمان کی شناخت زعفران اور شریف اللہ کے ناموں سے ہوئی تھی۔ہلاک دہشت گرد زعفران پر حکومت نے 2 کروڑ روپے انعام بھی مقرر کر رکھا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود ،گرنیڈ،خودکش جیکٹس اور ڈائری ملی تھی جس میں مختلف ٹارگیٹس لکھے ہوئے تھے۔
اہم خبریں سے مزید