اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اپنی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم کے ہمراہ برطانیہ کے شہر کارڈف میں پاکستانی ویلز کمیونٹی اور یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک شاندار کمیونٹی اجتماع میں شریک ہوئے۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان کی مسلح افواج اور پوری پاکستانی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اورمعرکہ حق کے فتح کا جشن منانا تھا۔اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، کمیونٹی رہنما، پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات اور ویلز میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ویلز میں پاکستانی کمیونٹی کا پرتپاک خیر مقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پوری قوم نے ہر محاذ پر جدوجہد کی اور آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی حاصل کی ، ہماری قوم کی طاقت اتحاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی، خصوصاً اوورسیز پاکستانی، ہماری مسلح افواج کی حب الوطنی، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے ایک ایسے دشمن کو شکست دی جو وسائل اور حجم میں ہم سے بڑا تھا۔