• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی انجینئر کی خودکشی، والد کیلئے لکھے گئے آخری پیغام میں وجہ کیا بتائی؟

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی شہر پونے میں گزشتہ روز 23 سالہ آئی ٹی انجینئر نے دفتر کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پونے کے ہنوجوڑی آئی ٹی پارک میں پیر کی صبح پیش آیا جہاں 23 سالہ پیوش اشوک کوادے نامی انجینئر نےخود کشی کر لی، پیوش گزشتہ ایک سال سے اس کمپنی میں ملازم تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح ساڑے 10 بجے پیوش آفس میں میٹنگ میں شریک تھا، دورانِ میٹنگ پیوش اچانک سینے میں درد کی شکایت کرتے ہوئے میٹنگ روم سے باہر چلا گیا اور کچھ لمحوں بعد ہی پیوش نے دفتر کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ پیوش کے پاس سے خودکشی سے قبل والد کے لیے لکھا گیا آخری پیغام بھی برآمد ہوا ہے جس میں نوجوان نے زندگی کے ہر میدان میں ناکام ہونے کا ذکر کرتے ہوئے اپنے والد سے معافی مانگی ہے۔

23 سالہ پیوش نے اپنے والد کے نام پیغام میں لکھا کہ وہ اپنے آپ کو ان کا بیٹا کہلانے کے قابل نہیں سمجھتا اور اپنے خودکشی کے فیصلے پر معافی چاہتا ہے۔

دوسری جانب ہنوجوڑی پولیس تھانے کے سینئر پولیس انسپکٹر، بالاجی پاندرے نے واقعے سے متعلق کہا کہ اس خودکشی کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خودکشی سے قبل لکھے گئے نوٹ میں کسی مخصوص کام کا دباؤ یا دیگر وجوہات کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم پولیس تمام ممکنہ پہلوؤں پر غور کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید