کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز کو مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے اسپورٹس فنڈنگ ریگولیشنز کا نفاذ کردیا ۔ ترجمان کے مطابق فنڈز کے حصول کیلئے سالانہ کارکردگی رپورٹ، ایکشن پلان اور بجٹ تخمینہ کی فراہمی لازمی ہوگی، فنڈز صرف منظور شدہ کھلاڑیوں اور آفیشلز پر خرچ کیے جا سکیں گے، پی ایس بی کسی بھی وقت مالیاتی معائنہ یا آڈٹ کا مجاز ہوگا۔ اداروں کو اپنے تمام بینک اکاؤنٹس دو مجاز دستخط کنندگان کے ذریعے چلانے ہوں گے، مالی ذرائع، اسپانسرز و عطیات کی تفصیل بھی فراہم کرنا ہوگی۔ ڈی جی پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ کے مطابق تمام ادائیگیاں کراس چیک یا الیکٹرانک ٹرانسفر کے ذریعے ہوں گی، 25 ہزار روپے سے زائد نقد ادائیگی ممنوع ہو گی۔ فنڈز کا غلط استعمال، ناکافی یا مشتبہ دستاویزات کی فراہمی یا ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف آئندہ امداد روکی جا سکتی ہے بلکہ متعلقہ فیڈریشن یا فرد کے خلاف قانونی و تادیبی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے، بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔