کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں متنا زع امپائرنگ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو پولینڈ سے3-2 سے شکست ہوگئی ۔ میزبان ازبکستان بھی ایونٹ سے آؤٹ ہوگیا، پولینڈ کے خلاف پاکستانی کھلاڑی آخری سیٹ میں امپائرنگ کے معیار سے ناخوش دکھائی دئیے۔ تاشقند میں کھیلے جانے والے اس میچ میں دونوں ٹیمیں پوائنٹ ٹو پوائنٹ پر لڑیں، آخری سیٹ غیر معمولی طور پر دل چسپ رہا، جو18-16 سے پاکستان کے خلاف گیا ۔ شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم نے شائقین کو اپنے کھیل کے جذبے، تکنیکی مہارت اور دباؤ میں کمپوزیشن سے متاثر کیا۔ دیگر میچوں میں بلغاریہ نے امریکا، اٹلی نے ازبکستان کو فرانس نے برازیل کو شکست دی۔