کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن نے انڈر 19ورلڈ کپ میں متنازع امپائرنگ پر ا نٹر نیشنل والی بال فیڈریشن سے رابطہ کرلیا۔چیئرمین والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے کہاکہ ریفری کے متنازع فیصلوں پر عالمی باڈی سے خط لکھ کراحتجاج کریں گے۔ میچ کے بعد منیجر نے کنٹرول کمیٹی کو آخری پوائنٹ کے فیصلے کی ویڈیو چیک کرنے کا کہا تھا۔ کمیٹی نے ویڈیو دیکھ کر اعتراف کیا کہ پاکستاں کے خلاف دیا جانے والا پوائنٹ پولینڈ کا فاؤل تھا۔ کمیٹی کے نمائندے نے معذرت کا اظہار کیا مگر فیصلہ تبدیل کرنا ممکن نہ تھا۔ پاکستان کی شکست کا سبب بننے والے فیصلوں پر منتظمین نے معافی مانگ لی۔