اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کیلئے پالیسی کا اعلان کر دیا جس کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی 4اگست سے شروع ہوگی پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ79210،سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19210جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 60ہزار پاکستانی حج کرینگے، سرکاری سکیم کے حج اخراجات ساڑھے11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ کے درمیان ہوں گے ،واجبات دو اقساط میں جمع کرانا ہونگے ، کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا، حج پالیسی کا اعلان وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بدھ کو وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد پریس کانفرنس میں کیا، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطا ءالر حمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار نے کہا کہ پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے تاہم سعودی عرب کی جانب سے حتمی اعلان ہونا با قی ہے، سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 60 ہزار پاکستانی حج کریں گے،سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کے لیے 38 سے 42 دنوں کا طویل اور 20 سے 25 دن کا شارٹ حج کا پیکج دیا جائے گا۔تمام درخواست گزاروں کی قربانی (اداہی پروگرام کے تحت) سعودی عرب کے نظام کے مطابق لازمی ہوگی،درخواست گزار کا مسلمان اور پاکستانی پاسپورٹ کا حامل ہونا لازمی ہے جس کی مدت 26 نومبر، 2026 تک کارآمد ہو،12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کی اجازت نہیں ہوگی ،سرکاری سکیم کے تحت جو لوگ حج کرنا چاہتے ہیں انہیں حج واجبات دو اقساط میں جمع کرانا ہوں گے ۔سرکاری حج ساڑھے گیارہ لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ کے درمیان ہوگا جو کہ سروس فراہم کنندگان کے ساتھ معاہدوں کی حتمی منظوری سے مشروط ہے، لانگ اور شارٹ حج کے لیے 5 اور ساڑھے 5 لاکھ روپے کی پہلی قسط جمع کرانا لازمی ہوگی ،بیرونِ ملک عازمینِ حج کی بکنگ کی اجازت ہو گی، بشرطیکہ وہ اپنی حج کی رقم بینکنگ چینلز کے ذریعے متعلقہ DHC کو بیرونِ ملک سے فارن ایکسچینج میں منتقل کریں، جس کے ساتھ وہ حج کرنا چاہتے ہیں۔ عازمینِ حج کا ڈیٹا اور مالیاتی لین دین وزارت کے پورٹل پر قابلِ مشاہدہ ہوگا، سعودی عرب سے منظور شدہ ویکسین تمام عازمین حج کے لیے لگوانا لازمی ہوگی،پرائیویٹ کمپنیوں کو بیرون ملک عازمین حج کی بکنگ کرنے کی اجازت ہوگی۔