• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زائرین کے زمینی سفر پر پابندی، معاملہ قائمہ کمیٹی مذہبی امور میں پہنچ گیا

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) ایران ‘ عراق اور شام جانے والے زائرین پر زمینی راستے سے جانے پر پابندی کا معاملہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور میں پہنچ گیا اور کمیٹی نے اس فیصلے اور لاکھوں عازمین حج پر اس کے اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ سردار یوسف نے کہا کہ پابندی لگانے میں وزارت مذہبی امور کا کوئی کردار نہیں ، وزارت داخلہ نےسیکورٹی خدشات پر کیا، راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پابندی کے اچانک نفاذ سے اس سال بہت سے زائرین مذہبی رسومات میں شرکت سے محروم ہو جائینگے ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس سینیٹر عطا الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز راجہ ناصر عباس، محمد اسلم ابڑو، حسنہ بانو، گوردیپ سنگھ اور دانش کمار نے شرکت کی۔ سینیٹر عون عباس ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی میں شریک ہوئے جبکہ سینیٹر عطاء الحق نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔کمیٹی کو حضرت امام حسین ؓکے چہلم پر زائرین پر عائد سفری پابندیوں کے حوالے سے صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردرا یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ پابندی لگانے میں وزارت مذہبی امور کا کوئی کردار نہیں تھا،یہ فیصلہ صرف اور صرف وزارت داخلہ نے موجودہ سیکورٹی خدشات کی روشنی میں کیا ، سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ زائرین کے مذہبی حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور عبادات کے معاملات وزارت مذہبی امور کی حدود میں آتے ہیں، داخلہ کمیٹی مداخلت نہ کرے، ایران، عراق اور پاکستان کے وزرائے داخلہ کی سطح پر اتفاق ہو چکا ہے کہ زائرین کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید