کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہائی جیک ہوچکی ہے ہم زرداری لیگ کو مسترد کرتے ہیں،یہ پیپلز پارٹی وہ نہیں جو میرے دادا ذوالفقار علی بھٹو اوروالد میر مرتضیٰ بھٹو شہید کی تھی، ہم پی پی پی کے ساتھ کبھی بھی نہیں کام کرینگے،لیاری میں تقریباً 150 عمارتیں سیل کردی گئی ہیں، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ پی پی پی کی صوبائی حکومت متاثرین کو گھر فراہم کرے، لیاری کی حفاظت اور لوگوں کے حقوق کیلئے لیاری سے الیکشن لڑوں گا، ہر کوئی پی ٹی آئی کی پالیسی کے ساتھ نہیں ہے۔گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ 70 کلفٹن میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ لیاری کے لوگ اور عوام اس وقت مشکل میں ہیں، لیاری میں ہزاروں کی تعداد میں متاثرین ہیں۔