کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ مرکزی بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن منتخب کرلیا ہے‘ایک بین الاقوامی ماہر کا ڈیزائن چناگیا ہے‘ کابینہ کی منظوری کے بعد نئے ڈیزائن کے نوٹوں پر کام شروع کردیں گے‘ رواں مالی سال کے دوران 25.9 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کرنا ہوں گے ‘پاکستان کی سودی ادائیگیاں کم ہوئی ہیں، نئے قرضوں پر کم سود ادا کر رہے ہیں جبکہ قرضوں کی مدت میں بھی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال بھی 26 ارب ڈالر کے قرضے سیٹل کیے گئے۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مانیٹری پالیسی پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ16ارب ڈالر کے قرضے رول اوور ہوں گے اور 10 ارب ڈالر ہمیں ادا کرنے ہوں گے، 22 ارب ڈالر کے پرنسپل قرضے اور 4ارب ڈالر کی سودی ادائیگیاں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جون 2022 میں مجموعی سرکاری قرضہ 100 ارب ڈالر تھا اور تین سال سے بیرونی قرضے اسی سطح پر برقرار ہیں، نئے قرضے لیتے ہیں لیکن پچھلے قرضے ادا کرتے ہیں۔