کراچی(اسٹاف رپورٹر)پسند کی شادی کرنا سنگین جرم بن گیا ،درندوں نے معصوم بچے کو بھی نہیں بخشا ، ببمو گوٹھ میں سفاک درندوں نے کلہاڑی کے وار سے میاں بیوی اور کمسن بچے کو قتل کردیا،دونوں نے سات سال پہلے پسند کی شادی کی تھی،مقتولین آپس میں رشتہ دار ہیں اور آبائی تعلق جیکب آباد سے ہے،ملزمان نے قتل کرنے کے بعد لڑکے کے گھر والوں کو فون پر اطلاع دی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانہ کی حدود گھگر پھاٹک بمبو گوٹھ میں گھر سے مرد،خاتون اور کمسن بچہ کی لاشیں ملیں جنہیں کلہاڑی کے وار سے قتل کیا گیا تھا ،لاشوں کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں پر مقتولین کی شناخت 30سالہ عبدالمجید ولد خان محمد ،25سالہ سکینہ زوجہ عبالمجیداور 5سالہ عبدالنبی ولد عبدالمجید کے ناموں سے ہوئی ہے،پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کرنے کے بعد کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد جمع کرنا شروع کئے ،ایس ایچ او تھانہ اسٹیل اسلم بلو نے بتایا ہےکہ مقتولین میں میاں بیوی اور انکا بیٹا شامل ہے،7سال قبل عبدالمجید اور سکینہ نے گھر والوں کی مرضی کے خلاف پسند کی شادی کی تھی ،شادی کی وجہ سے لڑکا اور لڑکی کے گھر والے ایک دوسرے سے ناراض تھے،بعد ازاں دونوں خاندان میں صلح بھی کرلی گئی تھی تاہم،منگل کی رات گئے مقتولہ سکینہ کے گھر والے تینوں کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے ،لڑکی اور لڑکے کا خاندان آپس میںرشتہ دار اور آبائی تعلق جیکب آباد سے ہے۔قتل کرنے کے بعد ملزمان نے لڑکے کے گھر والوں کو فون پر واقعے کی اطلاع دی جس پر لڑکے کے رشتے داروں نے صبح آکر دیکھا تو گھر میںعبدالمجید،سکینہ اور انکے بیٹے عبدالنبی کی لاش موجود تھی۔