کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا حکومت چھوڑ دے تو بہتر ہے، صوبائی حکومت پھولوں کی سیج نہیں ہے اگر تحریک انصاف نے اپنی سیاست ختم کرنی ہے تو تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں حکومت میں بیٹھی رہے، بیرسٹر عمیر خان نیازی نے کہا وہ ذاتی طور پر یہ سمجھتے ہیں کہ اس نظام کے ساتھ کھڑے ہو کراسکا بوجھ اٹھانے سے بہتر ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے استعفے دے دے، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ تحریک انصاف ایوان سے نکلے یا مستعفی ہوجائے یا انکی سیٹیں ہمیں ملیں، مسلم لیگ۔ن اور اتحادیوں کی اب بھی قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت ہے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یقین دلایا کہ صوبوں سے نکلنے والے تیل سمیت معدنی وسائل کی تقسیم آئین پاکستان کے مطابق ہوگی انہوں نے گزارش کی کہ تیل اور معدنی وسائل کی تقسیم کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلائیں جائیں صوبوں اور وفاق کو آئین کے مطابق انکا حصہ ملے گا۔