کراچی (اسٹاف رپورٹر) اوپنر صائم ایوب کی آل راؤنڈ کارکردگی ،محمد نواز کی ایک اوور میں تین وکٹوں نے ویسٹ انڈین ارمان ٹھنڈے کردیے۔ پاکستان نے پہلا ٹی ٹوئنٹی 14 رنز سے جیت لیا ۔178 کے جواب میں ناکام ٹیم 164رنز بناسکی۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں پہلے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کربولنگ کو ترجیح دی ۔ پاکستان نے 6 وکٹوں 178 رنز بنائے۔ صائم ایوب 57 نے38 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے57رنز بنائے۔ فخر زمان 28 ، حسن نواز 24 ، فہیم اشرف 16 اور صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا سکے۔ کپتان سلمان علی آغا 11 اور محمد حارث 6 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ویسٹ انڈیز کے شمارجوزف نے 3 جب کہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور شیفرڈ نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 7 وکٹوں پر 164 رنز ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کیلئے 19سالہ ڈیبیو کرنے والے جیول اینڈریو نے 33 گیندوں پر 35 رنزبنائے، وہ محمد نواز کی گیند پر فخرزمان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ نواز نے اسی اوور کی چوتھی بال پرجانسن چارلس کو محمد حارث کے ہاتھوں کیچ کروایا، وہ36 گیندوں پر 35 رنز بناسکے، اگلی ہی بال پر انہوں نے گاکیش موتی کو صفر پر چلتا کیا، جیسن ہولڈر30 رنز بنائے۔ محمد نواز نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 اور شاہین نے 4 اوورز میں 27 رنز دے کرایک وکٹ لی۔ سفیان مقیم نے 4 اوورز میں 20 رنز دیئے اور ایک وکٹ لی۔ صائم ایوب نے 20 رنزکے عوض 2 وکٹیں لیں۔ حارث رؤف کی درست ٹھکائی ہوئی۔ انہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو ہوگا۔