کراچی( اسٹاف رپورٹر ) ڈیفنس میں مسجد کے اندر مسلح ملزم کی فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سابق گن مین کے بیٹے نے فائرنگ کی اور بھاگتے ہوئے کہا میں نے اپنے باپ کا بدلہ لے لیا۔تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 قرآن اکیڈمی میں نماز جمعہ کے بعد ایک شخص نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا،فائرنگ کے نتیجے میں سینئر وکیل خواجہ شمس السلام اور ان کا بیٹا زخمی ہو گئے۔پولیس نے دونوں باپ بیٹے کو نجی اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج 55 سالہ خواجہ شمس السلام چل بسے جبکہ ان کے بیٹے 25 سالہ خواجہ دانیال کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق خواجہ شمس الاسلام بیٹے کے ساتھ ڈی ایچ اے فیز 6 میں ایک جنازے میں شرکت کیلئے آئے تھے کہ قمیض شلوار میں ملبوس ملزم نے ان پر فائرنگ کی اور موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے چہرے پر ماسک لگا رکھاتھا۔ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی نے بتایا کہ خواجہ شمس الاسلام نے ڈیفنس فیز 6 میں واقع قرآن اکیڈمی میں نماز جمعہ اور اس کے بعد نماز جنازہ پڑھی۔جس کے بعد وہ سیڑھیوں کے قریب جوتے پہن کر جیسے ہی کھڑے ہوئے تو مسلح ملزم مسجد میں داخل ہوا اور بھاگتے ہوئے ان پر فائرنگ کر دی ۔ملزم نے دو فائر کیے ،خواجہ شمس الاسلام کو سینے میں دو گولیاں لگیں جبکہ انہی میں سے ایک گولی ان کے بیٹے کو بھی لگی ۔پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول ملے ہیں جنھیں لیب بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خواجہ شمس الاسلام کے بیٹے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے میڈیکل کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔مہظور علی نے بتایا کہ نبی گل نامی ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل خواجہ شمس الاسلام کے ساتھ بطور گن مین چلتا تھا۔ 2021 میں نبی گل کو کسی نے قتل کر کے لاش ٹھٹھہ کے قریب پھینک دی تھی جس پر نبی گل کے بیٹوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے باپ کے قتل میں خواجہ شمس الاسلام ملوث ہیں۔ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ 2024 میں کلفٹن میں نبی گل کے بیٹوں اور بھائی نے خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کیا تھا جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔واقعہ میں نبی گل کا بھائی بہار گل اور اس کا بیٹا عبداللہ اور ایک سہولت کار سرفراز گرفتار ہو کر جیل گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ بھی اسی کی کڑی ہے ،جمعہ کو نبی گل کے بیٹے عمران نے فائرنگ کی اور بھاگتے ہوئے کہا کہ "میں نے اپنے باپ کا بدلہ لے لیا"۔واقعہ کے بعد سے عمران سمیت نبی گل کے پانچوں بیٹے اور نبی گل کے بھائی بہار گل کے بیٹے غائب ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نبی گل کا ایک اور بھائی تقدیر گل معطل پولیس اہلکار ہے اور پولیس لائنز کلفٹن میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔مقتول خواجہ شمس الاسلام ڈیفنس خیابان مجاہد کے رہائشی تھے۔خواجہ شمس الاسلام کافی متحرک وکیل سمجھے جاتے تھے اور سول کیسز میں مہارت رکھتے تھے۔خواجہ شمس الاسلام اور ان کے بیٹے پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔فوٹیج میں نیلے رنگ کی قمیض شلوار میں ملبوس ماسک پہنے شخص کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔حملہ آور نے نیلے رنگ کی واسکٹ بھی زیب تن کر رکھی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر واقعہ ذاتی رنجش پر ٹارگٹ معلوم ہوتا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ شمس الاسلام کو قتل کرنے والے ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے۔ خواجہ شمس الاسلام کا قاتل سابق گن مین کا بیٹا عمران آفریدی ہے جس نے چند ماہ پہلے بھی خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم عمران آفریدی کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے ۔شہر سے باہر جانے والے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔سہراب گوٹھ پر بس اڈوں اور شہر سے باہر جانیلے والے راستوں پر ناکے لگائے گئے ہیں۔ہر بس کو روک کر چیک کیا جا رہا ہے۔ملزم کی تصاویر اور دیگر تفصیلات پولیس ناکوں تک پہنچا دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم کے دو رشتہ داروں کو گلشن سکندرآباد سے حراست میں لیاگیا ہے، دونوں افراد سے ملزم کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو احکامات جاری کیے ہیں کہ پولیس کی جملہ ابتدائی کاروائی پر مشتمل تفصیلات انھیں ارسال کریں۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیئے پولیس ٹیم کو حرکت میں لایا جائے اور واقعہ کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔علاوہ ازیں سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل میں پولیس جس ملزم کو تلاش کر رہی ہے اس کا ایک پتا کلفٹن پولیس لائنز کا بھی ہے۔مبینہ ملزم عمران خان ولد نبی گل کی عمر 33 برس ہے۔اس کا موجودہ پتا مکان نمبر g-49 محلہ پولیس لائن کلفٹن کراچی جنوبی جبکہ مستقل پتا مکان نمبر e-34 محلہ شاہ رسول کالونی اولڈ کلفٹن کراچی جنوبی درج ہے۔واضح رہے کہ ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی نے بتایا تھا کہ ملزم عمران کا چچا تقدیر گل پولیس کا معطل اے ایس آئی ہے اور کلفٹن پولیس لائن میں اسے سرکاری گھر الاٹ کیا گیا ہے۔