گھوٹکی(اقبال صدیقی نامہ نگار)گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو کے قریب شیخانی پولیس چوکی پر رات کی تاریکی میں کچے کے ڈاکوؤں کا حملہ، پانچ ایلیٹ فورس کے اہلکار شہید، دو زخمی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا، شہید اہلکاروں کی لاشیں شیخ زید ہسپتال منتقل کر دی گئیں، شہدا میں محمد عرفان، محمد سلیم، نخیل، خلیل اور غضنفر شامل ہیں تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات پنجاب کے علاقے شیخانی پولیس چوکی پر 40سے زائد اسلحہ سے لیس حملہ آور ڈاکوؤں نے راکٹ لانچرز اور جدید اسلحہ سے حملہ کر کے 5ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو شہید اور 2کو زخمی کر دیا تھا جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہیں وقوعہ کے بعد ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں ضلع بھر کی پولیس نے کچہ کی جانب جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے اور شیخانی پولیس چوکی پر حملہ آور ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، آپریشن میں ڈاکوؤں کے خلاف بھاری ہتھیار اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔