کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،سندھ کے سنیئر وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سال 2026میں ٹرانسپورٹ کا پورا محکمہ ڈجیٹلائزڈ ہوجائے گا۔ روٹ پرمٹ ابھی سے ڈجیٹل کردیا ہے، سندھ حکومت دوسری بسیں بھی لارہی ہے تاکہ کراچی سمیت پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔سندھ اسمبلی اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا تھا۔ جمعہ کو سندھ اسمبلی کی خواتین ارکان سبز لباس اور سفید د پٹے پہن کر آئی تھیں۔ جس سے سندھ اسمبلی میں جشن آزادی کی جھلک نظر آئی۔ سینئر صوبائی وزیرنے بتایا کہ اگست کے آخر میں ای وی اسکوٹر اور ای وی بسز آجائیں گی۔ یہ اسکوٹر ز خواتین کو مفت دی جائیں گی ۔ کراچی میںدو قسم کے بس ٹرمینل بن رہے ہیں جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں پیسے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بی آرٹیز کو آپس میں لنک کیا جائے گا۔ریڈ لائن اور یلو لائن بھی ایک دوسرے کے ساتھ لنک ہوں گی۔