راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہاہے کہ اڈیالہ جیل میں گزشتہ ایک سال کے دوران کسی قیدی کی ہیپاٹائٹس سے موت نہیں ہوئی، اڈیالہ جیل سے جاری پریس ریلیزمیں کہاگیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے سوشل میڈیا پرسنٹرل جیل اڈیالہ کے حوالہ سے من گھڑت اور بے بنیاد باتیں کی ہیں اڈیالہ جیل میں ہیپاٹائٹس سے متعددقیدیوں کی ہلاکت ہوئی ہے ،سپرنٹندنٹ جیل عبدالغفور انجم کاکہناہے کہ اڈیالہ جیل میں اس نوعیت کاکوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ، ،سارے بیان میں من گھڑت اور بے بنیاد باتیں کی گئی ہیں جس کاحقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ، سوشل میڈیا سے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جو افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اس میں کسی بھی قسم کی کوئی صداقت نہیں ، یہ صرف سنسنی پھیلانے کے لئے کیاجارہاہے ،بانی پی ٹی آئی جیل میں مقید کسی بھی اسیر سے زیادہ سہولیات اور مراعات حاصل کررہے ہیں ،ان کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھاجاتا۔جہاں تک متعدی امراض ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایڈز وغیرہ کا تعلق ہے کسی بھی نئے آنے والے قیدی اور حوالاتی کی باقاعدہ سکریننگ کرنےکے بعد انہیں جیل میں داخل کیاجاتاہے ،اور ایساکوئی متعدی مرض تشخیص ہونے کی صورت میں اس کودیگر قیدیوں سے علیحدہ رکھ کراس کاعلاج معالجہ کیاجاتاہے، اڈیالہ جیل کے تمام مریض قیدیوں اور حوالاتیوں کاباقاعدہ میڈیکل اور نفسیاتی پروفائل ریکارڈ مرتب کیاجاتاہے جیل کے اندرہسپتال تمام سہولیات کے ساتھ موجودہے جہاں 8میل ڈاکٹر اور 2فی میل ڈاکٹرز24گھنٹے جیل کے اسیروں کے علاج معالجہ اور بحالی صحت کے لئے کوشاں ہیں۔