پشاور،اسلام آباد(آئی این پی ،خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے، دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔رات گئے پولیس چوکی کونشانہ بنایاگیا، جوابی کارروائی پرتین ہلا ک اوردیگرساتھی فرار ہوگئے، زخمی اہلکاروں کوہسپتال منتقل کر دیاگیا، پولیس کے مطابق بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا، دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، شہید اہلکارکی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں۔پولیس کے جوانوں نے بھر پور جوابی کارروائی کی اور 3 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا، ان کے دیگر دم دبا کر ساتھی فرار ہوگئے، ریسکیو نے زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا، ڈی آئی جی بنوں کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈٹ کر کھڑی ہے، ہمارے جوان دشمن کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دینا جانتے ہیں۔