ٹوکیو (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا ہے کہ 9 مئی 2023 کے افسوسناک واقعات پر عدلیہ کے حالیہ فیصلے قابلِ تحسین ہیں، جو قانون کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی جماعتوں کو جمہوری رویے اپنانے چاہئیں، اور کسی بھی گروہ یا تنظیم کو پرتشدد مظاہروں اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، وہ نہ صرف آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں بلکہ قومی یکجہتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ملک یونس نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے جو پرتشدد کارروائیوں میں ملوث پائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی ادارے ریاست کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی عزت و وقار کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔