ٹیکساس (راجہ اختر خانزادہ ) امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کیلئے ایک شاندار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ممتاز تاجر، سیاسی و سماجی رہنما اور وزیراعظم آزادکشمیر کے سابق کوآرڈینیٹر ملک عابد حسین (عابد ملک) نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری اور حکومت آزادکشمیر کے سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔اس خصوصی تقریب میں امریکا بھر سے اوورسیز کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد، سیاسی و سماجی رہنما اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چوہدری طارق فاروق کی آمد پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا اور گلدستے پیش کئے گئے۔تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری طارق فاروق نے میزبان ملک عابد حسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوورسیز کمیونٹی میں اس طرح کی تقریبات اتحاد اور یگانگت کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ہمیشہ وطن عزیز کو مضبوط بنانے میں پیش پیش رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارت سے جنگ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک افواج کا کردار اور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشیں قابلِ فخر ہیں۔اس موقع پر میزبان ملک عابد حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکور ہیں کہ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق نے ان کی دعوت قبول کی اور ڈیلس تشریف لائے۔