کراچی (نیوز ڈیسک) آثارِ قدیمہ کے ماہرین نے اسرائیل میں ایسے کھنڈرات دریافت کیے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ یہاں کبھی تابوت سکینہ (Ark of the Covenant) رکھا جاتا تھا۔ یہ ایک مقدس، سونے سے ڈھکا ہوا صندوق تھا جس کا ذکر بائبل میں ملتا ہے۔مقدس کتاب کے مطابق، حضرت موسیٰؑ نے دس احکامات (Ten Commandments) اس صندوق میں رکھے تھے، جو ایک عبادت گاہ یعنی ’’خیمۂ عبادت‘‘ میں محفوظ کیا گیا تھا۔ یہ عبادت گاہ بنی اسرائیل کے مصر سے خروج کے فوراً بعد تعمیر کی گئی تھی، جسے بعض ماہرین تقریباً 1445؍ قبل مسیح کا واقعہ مانتے ہیں۔اگرچہ اس صندوق کا انجام آج بھی ایک معمہ ہے، لیکن یہ بائبل کے بیانات سے 586؍ قبل مسیح میں بابل کے ہاتھوں یروشلم کی تباہی سے پہلے ہی غائب ہو جاتا ہے۔