• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم پولیس اہلکار کے جنازے کے دوران ہیڈ اسکارف پہننے پر تنقید، گورنر کیتھی ہوچل کا سخت ردعمل

کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے مسلمان پولیس افسر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے دوران سر پر اسکارف پہننے پر امریکی سینیٹر ٹیڈ کروز کی تنقید کا دوٹوک جواب دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم پولیس اہلکار کے جنازے پر اسکارف پہننے سے متعلق تنازع اس وقت سامنے آیا کہ جب ٹیکساس کے ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کرتے ہوئے گورنر ہوچل کو ایک مسجد میں سر ڈھانپے دکھایا۔

یہ تصویر گزشتہ جمعرات کو نیویارک پولیس کے مقتول افسر دیدارالاسلام کی نمازِ جنازہ کے دوران لی گئی تھی۔

جنازے میں مذہبی آداب کی پاسداری کرتے ہوئے گورنر ہوچل اور دیگر خواتین، بشمول پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش اور پولیس وردی میں موجود 100 سے زائد خواتین اہلکاروں نے حجاب پہن کر شرکت کی تھی جبکہ مردوں نے روایتی ٹوپی پہن رکھی تھی۔

خواتین کے لیے جنازے میں شرکت کے لیے الگ انتظام کیا گیا تھا۔

سینیٹر کروز نے تصویر پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’?Um, wut‘ جسے گورنر ہوچل نے غیر شائستہ اور غیر حساس قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر ردِ عمل دیتے ہوئے گورنر ہوچل نے سینیٹر کروز کو جواب دیا کہ کسی دکھی خاندان کے مذہب کا احترام کرنا وہ کام ہے جو صرف لیڈرز اور شائستہ لوگ ہی کرتے ہیں۔

دوسری جانب امریکا کی سب سے بڑی مسلم سول رائٹس تنظیم ’کونسل آف امریکن-اسلامک ریلیشنز‘ (CAIR) نے بھی سینیٹر کروز کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’قابلِ نفرت اور بےحرمتی پر مبنی‘ قرار دیا، تنظیم نے سینیٹر سے معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

تنظیم نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ ماضی میں خود سینیٹر کروز کو یہودی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں مذہبی ٹوپی پہنے دیکھا گیا تھا جو ان کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔

اس کے جواب میں سینیٹر کروز نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ آپ کو ہر روز حجاب پہننا چاہیے کیونکہ آپ بہت ’مہذب‘ ہیں۔

واضح رہے کہ نیویارک میں 28 جولائی کو ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک بنگلادیشی پولیس اہلکار دیدار الاسلام جاں بحق ہو گیا تھا۔

اس واقعے میں 4 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا تھا جبکہ حملہ آور نے فائرنگ کرنے کے بعد خود کشی کر لی تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید