• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر میچ، سیریز ورلڈ کپ جیتنے کی پلاننگ سے کھیل رہے ہیں، کپتان

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم اور اوے سیریز، اب ویسٹ انڈیز سیریز اور اس کے بعد شارجہ کا تین ملکی ٹورنامنٹ اور ایشیاء کپ یہ تمام سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیل رہے ہیں۔ ہمارا مقصد یہی ہے کہ ورلڈکپ کو کیسے جیتنا ہے، دبئی کی کنڈیشنز کافی مختلف ہیں، ان کنڈیشنز کے بعد جب دبئی جائیں گے تو ہمیں اس کا کافی فائدہ ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ میں نے آج بولنگ کرنے کا سوچا تھا مگر دو بائیں ہاتھ کے بیٹرز کھیل رہے تھے اور ایک اینڈ سے صائم ایوب بولنگ کر رہا تھا، دیکھنا ہوتا ہے کہ دونوں طرف سے پریشر کیسے بنا سکتے ہیں۔ صائم ایوب اچھی بولنگ کر رہا تھا، دوسری طرف پریشر بڑھانے کیلئے سفیان مقیم سے بھی بولنگ کروانی تھی، آگے آپ مجھے بولنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ سلمان آغانے کہا کہ کہہ سکتے ہیں کہ پہلے 2 میچز سے تیسرے میچ کی پچ بہتر تھی، ہم نے سوچا تھا کہ اگر 160 یا 170 کرتے ہیں تو ڈیفینڈ کر لیں گے، جس طرح سے اوپنرز نے آغاز دیا اور ایسا اسٹارٹ ملے تو آپ 180 یا 190 کر لیتے ہیں، اندازہ تھا کہ پاور پلے میں جب گیند پرانا ہوگا تو جتنا بھی اچھا پچ ہو گیند گرپ ضرور کرے گا اور وہی ہوا۔ ڈیتھ اوورز میں حارث اورسفیان نے جس طرح سے بولنگ کی انہیں کریڈٹ دینا چاہیے، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب اچھا اسٹارٹ دے رہے ہیں ، اُمید کرتا ہوں کہ دونوں آگے بھی ایسی پرفارم دیتے رہیں گے۔

اسپورٹس سے مزید