• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،ایوان میں پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور ، کراچی میں آوارہ کتوں سے بڑھتے ہوئے مسئلے کے حوالے سے تحریک التواء مسترد ، موٹر وہیکل ترمیمی بل 2025 منظورکرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق پیر کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن قراۃ العین خان کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نمبر پلیٹس پورے سندھ کے لئے ہیں اور اس سلسلے میں ہر جگہ سختی ہوگی ۔ کورنگی سائیٹ ایریا اور گلشن میں دو سے تین ماہ تک نئے سینٹرز کھولے جائیں گے۔ ایم کیو ایم کے رکن عامر صدیقی نے اپنے حلقے میں پانی کی شدید قلت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ کے ایکسین پیسے لیکر خود کنکشن دے رہے ہیں۔ پارلیمانی سکریٹری بلدیات قاسم سراج سومرو نے کہا کہ اس معاملے کی سختی سے جانچ پڑتال کی جائے گی کہ کون غیرقانونی کنکشن دے رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے محمد اویس نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ سندھ میں یوسی اور ٹاؤن چیئرمینز فنڈز خود استعمال کرتے ہیں۔ کونسلر سے کوئی نہیں پوچھتا۔ کونسلر کا اختیار کونسلر کو ملنا چاہیے۔ پارلیمانی سکریٹری بلدیات قاسم سراج سومرو نے کہا کہ ہم لوکل کونسل کو بااختیار بنانے کے لیے اس اسمبلی نے ہی پیسے بڑھائے تھے۔ یہ رقم کسی مخصوص شخص کو نہیں بلکہ کونسل کو دی جاتی ہے۔اگر کسی کونسلر کو کوئی شکایت ہے گو لوکل گورنمنٹ بورڈ میں شکایت کردیں، ہم ایکشن لیں گے۔ ایوان کی کارروائی کے دوران موٹر وہیکل ترمیمی بل پر اسٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے اپوزیشن کی تعریف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جو افسران کام کرتے ہیں ان کی تعریف ہونی چاہیے۔ اپوزیشن کے رکن جمال احمد نے پوائنٹ آف ٓرڈر پرکہا کہ خواجہ اجمیر نگری پمپنگ اسٹیشن پر ابھی تک پانی نہیں آیا ،آدھا گھنٹہ پانی آتا ہے، 24 دن ہوگئے پانی بند ہے۔ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے سے متعلق ایک قرارداد جو پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی فاروق اعوان نے پیش کی تھی متفقہ طور پر منظور کرلی ۔وزیر بلدیات سعید غنی نے اس قرارداد کے حق میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاروق اعوان نے جو کام کئے وہ بھی تاریخ کا حصہ ہیں۔ اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ پولیس اور دوسری سیکوریٹی فورسز کے شہدا ہمارا قومی فخر ہے۔ سندھ اسمبلی نے سندھ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی جس کے بعدسندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی دوپہر ڈیڑھ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید