کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 13 اگست کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کنسرٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جشن آزادی اور معرکہ حق کے عنوان سے منعقد کیا جارہا ہے، 9اگست کو ایکسپو سینٹر کراچی میں بھی ایک عظیم الشان مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے، یوم آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے سندھ بھر میں منعقد ہونے والی تمام تقریبات کسی سیاسی یا سندھ حکومت نہیں بلکہ عوام کی تقریبات ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایکسپو سینٹر کراچی اور نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی سمیت پولیس کے اعلٰی افسران بھی موجود تھے، سعید غنی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والےکنسرٹ میں ہر شہری کے لئے فری انٹری ہے، خواتین کے لئے علیحدہ، فیملی کے لئے علیحدہ انکلوزرز بنائے جائیں گے، شہر کے مختلف مقامات پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا اور بڑی بڑی اسکرین لگائی جائیں گی، پارکنگ کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشتی کی ریلی، بائیک ریلی، ہیوی بائیک ریلی اور بہت کچھ ہونے جارہا ہے، جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جارہی ہے، حکومت نے ان تقریبات کا کوئی بجٹ مختص نہیں کیا ہے۔