کراچی( اسٹاف رپورٹر )مختلف حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے،ایک شخص کی لاش ملی،تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے نیو سبزی منڈی یو ٹرن کے قریب ٹریفک حادثے میں 24 سالہ شیراز حمید جاں بحق ہو گیا،ناظم آباد ایک نمبر اردو بازار کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہو گئی ، لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ،متوفیہ کی عمر 24 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے،ڈیفنس موڑ کے قریب تیز رفتار ٹریلر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور بنگلے کی دیوار سے جا ٹکرایا ،حادثے میں دو افراد رمضان اور ارشد زخمی ہو گئے ، علاوہ ازیں دہلی کالونی چانڈیو ولیج اقصٰی مسجد کے قریب زیر تعمیر بلڈنگ میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے مزدور 24 سالہ عمران ولد محمد صادق جاں بحق ہو گیا، لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، دریں اثنا حسن اسکوائر کے قریب گڑھے سے ایک شخص کی پانچ سے چھ روز پرانی لاش ملی ،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 55 سے 60 برس ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔