کوئٹہ(پ ر)رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے سریاب روڈ میں موجود ہیلتھ سینٹر سے مشینری کی دوسرے علاقے میں منتقلی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئےزراعت کالونی میں قائم ہیلتھ کیئر ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مشینری سریاب کے عوام کی فلاح کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ اسے کسی بھی صورت میں یہاں سے منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سریاب کے عوام کا صحت کی سہولیات پر مکمل حق ہے اور ہم اس حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔میر لیاقت علی لہڑی نے فوری طور پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مشینری کی منتقلی کے معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشینری کی منتقلی کی کوشش جاری رکھی گئی تو عوامی سطح پر شدید ردعمل آئے گا اور وہ خود اس معاملے کو ایوان میں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت سے ملاقات کر کے ہیلتھ کیئر ہسپتال زراعت کالونی کیلئے مزید سہولیات پر بات کروں گا۔اس موقع پر سماجی رہنما میر عمران بنگلزئی بھی میر لیاقت علی لہڑی کے ہمراہ موجود تھے۔