راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)میلاد النبی ؐکے تمام جلوسوں اور ریلیوں کی سیکورٹی و حفاظت کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ہر قسم کی ممکنہ سہولیات، طبی امداد، سیکورٹی اور عوام کی آمد و رفت کے لئے ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا تعین کیا جائے گا ۔میلاد کمیٹیوں کے تمام مسائل اور معاملات کو طے کرنے کے لئے جلد ہی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشاورتی اجلاس کرکےمعاملات کو طے کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نےدربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں پیر محمدنقیب الرحمن کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر راولپنڈی اور گردونواح کی تمام ضلعی میلاد کمیٹیوں کے سربراہان و ذمہ داران شیخ طارق مسعود، چوہدری شاہزیب خورشید انور، حکیم سہارنپوری، غلام قادر میر،محمد سلیم گل، صاحبزادہ محمد شاہد منصور چشتی،تاجران نمائندے شاہد غفور پراچہ ، طارق منیر بٹ، انجم پرویز بھٹی اور علمائے کرام علامہ حافظ محمد اقبال رضوی، مولانا عطا الرحمن دھنیال، علامہ یاسر اقبا ل رضوی، عبدالرحمن توکلی، مفتی کبیر میر، پیر شفیق فریدی، ایاز محمود لاشاری، حاجی محمد محفوظ و دیگر نے شرکت کی۔