• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈنمارک کے چڑیا گھر کی عوام سے شکاری جانوروں کی خوراک کیلئے ناپسندیدہ پالتو جانور عطیہ کرنے کی اپیل

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

ڈنمارک کے ایک چڑیا گھر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس ایسے پالتو جانور موجود ہیں جنہیں وہ مزید اپنے پاس رکھنا نہیں چاہتے تو وہ انہیں چڑیا گھر کے شکاری جانوروں کے لیے عطیہ کر دیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈنمارک کے چڑیا گھر نے اپنے فیس بک پیج اور ویب سائٹ پر ایک غیرمعمولی اعلان کیا ہے۔

اعلان میں عوام سے اپنے پالتو جانوروں کو عطیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چڑیا گھر کے شکاری جانوروں کے لیے خوراک کی ضرورت ہے۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ چڑیا گھر ناپسندیدہ چھوٹے زندہ جانور جیسے کہ مرغیاں اور خرگوش قبول کرنے کے لیے تیار ہے جنہیں چڑیا گھر میں موجود شکاری جانوروں خصوصاً یورپین لنکس (European lynx) کو کھلایا جائے گا، یورپی لنکس جنگل میں مکمل شکار کھانے کو ترجیح دیتا ہے اور چڑیا گھر میں بھی ایسی قدرتی خوراک کی تلاش کی کوشش کرتا ہے۔

چڑیا گھر کی جانب سے پوسٹ کیے گئے سوشل میڈیا پیغام کے مطابق لوگ بیک وقت زیادہ سے زیادہ چار چھوٹے جانور لا سکتے ہیں، ان جانوروں کو ماہر پیشہ ور افراد کے ذریعے پہلے ذبح کیا جائے گا اور بعدازاں انہیں چڑیا گھر میں موجود گوشت خور جانوروں کو خوراک کے طور پر کھلایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اپنے درندوں کے قدرتی رویوں، متوازن غذا اور فلاح و بہبود کو یقینی بناتے ہیں۔

چڑیا گھر نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایسے گھوڑے بھی قبول کرنے کو تیار ہیں جن کا قد 147 سینٹی میٹر سے کم ہو اور جن کے پاس ’پیٹ پاسپورٹ‘ بھی موجود ہو۔

چڑیا گھر نے اپنی پوسٹ میں وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ چھوٹے جانوروں کو گوشت خور جانوروں کی خوراک کے طور پر استعمال کرنا ایک پرانا اور رائج عمل ہے جو برسوں سے جاری ہے، ڈنمارک میں یہ عمل عام ہے اور ہمارے بہت سے مہمان اور شراکت دار اس عمل کو سراہتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید