اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں) پاکستان بھر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے خلاف یوم استحصال منایا گیا‘ کنٹرول لائن کے دونوں طرف یوم استحصال کشمیر پر قوم ایک آواز‘ملک بھر میں کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں اور مظاہرے‘ کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے صبح 10 بجے ملک بھرمیں ایک منٹ کی خاموشی ‘اسلام آباد میں مرکزی ریلی سے اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق ‘وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ‘ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیرمقام کا خطاب ‘قومی اسمبلی میں پانچ اگست دو ہزار انیس کے یکطرفہ بھارتی اقدام کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور‘ایوان میں جذباتی تقاریر‘مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر یوم سیاہ‘دکانیں اور کاروبار بند‘بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں سرچ آپریشن کی آڑ میں پانچ کشمیریوں کو شہید کردیا۔تفصیلات کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں جانب، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے 5 اگست2019 کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے غیر قانونی خاتمے کے خلاف احتجاج کے لیے منگل کو یوم استحصال کشمیر منایا۔ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں یہ دن یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ۔مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اوردنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے گئے۔ یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منگل کو صبح 10بجے پاکستان بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ملک بھر میں یکجہتی مارچ اوردیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔