کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر دفعہ 144 لگانا ضروری تھا، نائب صدر تحریک تحفظ آئین پاکستان مصطفٰی نواز کھوکھر نے کہا کہ جب پورا پاکستان بند کر دیا جاتا ہے کنٹینر لگادیئے جاتے ہیں خوف پھیلایا جاتا ہے پھر کہا جاتا ہے احتجاج نہیں ہوا،اینکر و تجزیہ کارمنصوعلی خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے آج کا دن احتجاج کے حوالے سے ان کی تاریخ کا ناکام ترین دن تھا۔وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ دفعہ 144 اس لیے بھی لگانی ضروری تھی کہ یہاں دہشت گردی کا خطرہ موجود رہتا ہے ہم نے یہ کہا کہ احتجاج کو قانون کے دائرے میں لا کر قانونی شکل دیں تمام صوبوں کو ہدایات تھیں تین صوبوں میں باضابطہ طور پر ان کے ڈی سیز نے رابطے کی کوشش کی کسی نے انہیں جگہ یا ایس او پیز پر عمل کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ پورے اسلام آبا د میں سو سے بھی کم لوگ مختلف جگہوں پر دو چار منٹ کے لیے نکلے جس میں تین جگہ پر دس لوگوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا۔