• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں و کشمیر کی تقسیم، خصوصاً لداخ کو علیحدہ کرنے کا بھارتی اقدام ناقابل قبول

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) وفاقی دارالحکومت کے سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی تقسیم، خصوصاً لداخ کو علیحدہ کرنے کا اقدام ناقابل قبول ہےنمائشی اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے   مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے کسی بھی ممکنہ اقدام کے حوالے سے ایک واضح بیانیہ تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ عالمی برادری کو باور کرایا جا سکے کہ جموں و کشمیر سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ بین الاقوامی تنازع ہے جس کے حتمی فیصلے کا تعین اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ بھارت کی جانب سے IIOJK کے اسٹیٹس میں یکطرفہ اقدامات اور بھارتی آئین کے تحت کیے گئے فیصلے مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور پاکستان ایسے کسی بھی اقدام کو قانونی حیثیت نہیں دیتا۔ بھارت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقے کی حیثیت پر من مانے فیصلے کرے جبکہ ریاستی حیثیت کی بحالی یا ریاستی اسمبلی کے انتخابات جیسے اقدامات کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے متبادل نہیں ہو سکتے۔ سخت فوجی محاصرے میں IIOJK کی حیثیت میں تبدیلیاں کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی پامالی کو نہیں روک سکتیں۔ جزوی اقدامات جیسے ریاستی حیثیت کی بحالی کشمیری عوام کے ان مطالبات کو پورا نہیں کرتے جو 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیرقانونی اقدامات کی مکمل واپسی کے حوالے سے کیے جا رہے ہیں۔ بھارت نے 5 اگست 2019 سے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے ذریعے IIOJK کے سیاسی و جغرافیائی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تاکہ کشمیری عوام کو اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں بدلا جا سکے، مگر ریاستی حیثیت کی بحالی جیسے نمائشی اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ بھارت کی جانب سے IIOJK کو ضم کرنے کی کوششیں اقوام متحدہ کی قرارداد 122 (1957) سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید