لاہور( آصف محمود بٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون کے لیبیا یونان کشتی حادثے میں انتہائی مطلوب ریڈ بک میں شامل پانچ مزید ملزمان کو مختلف ممالک میں انٹرپول کے ذریعے کرفتار کر لیا گیا۔ ان ملزمان کی گرفتاری کے لئے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ریڈ نوٹس جاری کر رکھے تھے۔ گرفتار افراد کا تعلق 2023 اور 2024 میں پیش آنے والے لیبیا ، یونان کشتی حادثات جیسے افسوسناک واقعات سے ہے، جن میں درجنوں پاکستانی لیبیا سے بذریعہ کشتی اٹلی جاتے ہوئے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان گرفتاریوں میں بین الاقوامی ادارے انٹرپول کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ ملزمان کی پاکستان حوالگی کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق اپریل سے جولائی 2025 کے دوران ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی نقل مکانی کے خلاف بھرپور مہم چلائی، جس کے تحت 1205 انکوائریاں مکمل کی گئیں اور 394 مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے۔ مجموعی طور پر 461 عام ملزمان اور 43 اشتہاری مجرمان کو حراست میں لیا گیا۔ایف آئی اے کی کارروائیوں کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ سے حاصل کردہ 11 کروڑ 20 لاکھ روپے کی رقم ضبط کی گئی، جبکہ عدالتوں سے 36 مقدمات میں سزائیں حاصل کی گئیں۔